جنوبی وزیرستان لوئر: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور

جنوبی وزیرستان لوئر: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور

جنوبی وزیرستان لوئر میں کمانڈنٹ ساؤتھ وزیرستان اسکاؤٹس کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کو درپیش مختلف چیلنجز، امن و امان کی صورتحال اور علاقے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ضلع میں پائیدار امن اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سرکاری محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون ضروری ہے۔

اجلاس میں بروقت فیصلوں، محکموں کی ذمہ داریوں کی بہتر ادائیگی اور انتظامی امور میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مختلف اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں سے متعلق اہم مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لیے جامع اور قابل عمل تجاویز تیار کریں۔

انہوں نے خصوصی طور پر روزگار کے مواقع، عوامی فلاح کے منصوبوں، سرکاری اسکولوں، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی عوامی ضروریات سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ متعلقہ افسران کو کہا گیا کہ وہ ان امور پر اپنی سفارشات مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کریں تاکہ ان پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں امن و استحکام کے فروغ، انتظامی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

 

More News