جھیل سیف الملوک روڈ پر کلاؤڈ برسٹ، سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے
ناران: جھیل سیف الملوک روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث سڑک عارضی طور پر بند ہو گئی، جس کے بعد معاونِ خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال کی ہدایات پر ٹورازم پولیس نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان محمد سعد کے مطابق ٹورازم پولیس کے اہلکار متاثرہ علاقے میں سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے اور جلد ہی اسے سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
ترجمان نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔







