حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ایک درجن سے زائد ملازمین معطل، انکوائری کا حکم

حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ایک درجن سے زائد ملازمین معطل، انکوائری کا حکم

پشاور: حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ایک درجن سے زائد ملازمین کے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے غیر حاضر ملازمین کو معطل کر دیا اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخوا کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے دورے کے دوران متعدد ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ غیر حاضری میں کیئر ٹیکر، مالی، چوکیدار، سویپر اور پلمبر سمیت مختلف عہدوں پر تعینات ملازمین شامل ہیں۔

محکمہ سپورٹس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام غیر حاضر ملازمین سے تین روز کے اندر وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی غیر حاضری کے حوالے سے جواب جمع کرائیں، جبکہ مقررہ مدت میں وضاحت نہ دینے کی صورت میں قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جا سکتی ہے۔

معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جسے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانچ روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ کمیٹی غیر حاضر ملازمین کی حاضری، غیر حاضری کے حقائق اور اس کے پس منظر میں موجود حالات کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

محکمہ سپورٹس کے مطابق بغیر اطلاع ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنا دفتری نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے۔ اس معاملے میں ای اینڈ ڈی رولز 2011 کے تحت تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں ملازمین کی بروقت حاضری اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ملازمین کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔

More News