خیبرپختونخوا حکومت کا وفاق سے سرکاری جامعات کے لیے 18 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا مطالبہ

خیبرپختونخوا حکومت کا وفاق سے سرکاری جامعات کے لیے 18 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا مطالبہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی سرکاری جامعات کو شدید مالی بحران سے نکالنے کے لیے وفاقی حکومت سے 18 ارب روپے کے خصوصی مالی پیکج کی فراہمی کی درخواست کر دی ہے۔ اس سلسلے میں وفاق کو باقاعدہ خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے خصوصی گرانٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط کے مطابق خیبرپختونخوا کی سرکاری یونیورسٹیاں شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور بعض جامعات کی مالی بقا بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ حکومت نے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے تین مختلف مدات میں مجموعی طور پر 18 ارب روپے فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

خط میں 6 ارب روپے کی ون ٹائم گرانٹ بقایا جات اور واجبات کی ادائیگی کے لیے مانگی گئی ہے، جبکہ مزید 6 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے طلب کیے گئے ہیں۔ اسی طرح یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈز کے قیام اور انہیں مستحکم کرنے کے لیے 6 ارب روپے سیڈ منی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

حکومت خیبرپختونخوا کے مطابق سرکاری جامعات کو ملنے والی ریکرنگ گرانٹس موجودہ اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔ بجلی، گیس، لیبارٹریوں، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث یونیورسٹیوں پر مالی دباؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی بھی ان کے لیے بڑا چیلنج بن چکی ہے۔

خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بالخصوص دور دراز اضلاع میں قائم نئی یونیورسٹیاں شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ جامعات کا انحصار فیسوں پر بڑھتا جا رہا ہے، تاہم طلبہ پر مزید مالی بوجھ ڈالنا ممکن نہیں رہا۔ کئی یونیورسٹیاں بجٹ خسارے اور واجب الادا بلوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔

حکومت نے مزید کہا ہے کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث لیبارٹریوں، لائبریریوں، ہاسٹلز اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی حالت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ تحقیق، جدت اور صنعتوں کے ساتھ روابط کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز دستیاب نہیں رہے۔

خط میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات میں معاونت کے لیے مشترکہ مالیاتی میکنزم تشکیل دیا جائے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعے خصوصی گرانٹ جاری کی جائے۔

حکومت خیبرپختونخوا کا مؤقف ہے کہ یونیورسٹیوں پر سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ 18 ارب روپے کے مجوزہ پیکج کی منظوری نہ صرف تعلیمی اداروں کے مالی استحکام بلکہ ہزاروں طلبہ اور ملازمین کے مستقبل کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔

More News