خیبرپختونخوا: محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کا بروقت مکمل نہ ہونے کا انکشاف

خیبرپختونخوا: محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر، فنڈز کے مؤثر استعمال کے لیے نئی کمیٹی قائم

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے باعث متعدد منصوبوں کی لاگت میں کروڑوں روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ منصوبوں میں تاخیر کے باعث نہ صرف سرکاری وسائل پر اضافی بوجھ پڑا بلکہ عوام کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر، فنڈز کے غیر مؤثر استعمال اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ اس مقصد کے تحت چھ رکنی ڈویلپمنٹ فنڈز ریلیز کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری، اخراجات اور پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گی۔

دستاویزات کے مطابق کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹریز اور محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔ کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ ہر منصوبے کے لیے کتنے فنڈز مختص کیے گئے، اب تک کتنی رقم خرچ ہوئی، اور منصوبے پر عملی طور پر کتنی پیش رفت ہوئی ہے۔

کمیٹی ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پلاننگ آفیسر کو پیش کرے گی۔ اس رپورٹ میں منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درکار فنڈز، بقایا واجبات، اخراجات کی تفصیلات اور آئندہ کے مالی تقاضوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق کمیٹی یہ بھی تعین کرے گی کہ زیر تعمیر منصوبوں کے لیے مزید فنڈز کس بنیاد پر جاری کیے جائیں، تاکہ صرف ان منصوبوں کو ترجیح دی جا سکے جہاں کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہو۔ اس کے علاوہ فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئی حکمت عملی کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، مالی نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ دینا ہے تاکہ تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہو سکیں اور عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

More News