خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ نے تباہی مچا دی، 6 افراد جاں بحق، 2 زخمی

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ نے تباہی مچا دی، 6 افراد جاں بحق، 2 زخمی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے قیمتی جانیں نگل لیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔ یہ افسوسناک واقعات ضلع خیبر، مردان، مانسہرہ اور کرم میں پیش آئے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 3 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 2 گھروں کو جزوی جبکہ ایک مکان کو مکمل نقصان پہنچا۔ تاہم پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے کے تمام بڑے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرتے ہوئے متاثرین کو فوری امداد اور ضروری سامان فراہم کیا جائے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

More News