خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشیں، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کی طویل بندش
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث متعدد شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور میں مسلسل بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جو کئی علاقوں میں 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود بحال نہ ہوسکی۔ گلبہار، کاکشال، ریگی، ملازئی، یونیورسٹی ٹاؤن، ذریاب کالونی، کوہاٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی بندش کے باعث شہری مشکلات سے دوچار رہے۔ بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں زیر آب آگئیں جبکہ نکاسی آب کے نالے بھی ابل پڑے۔
تحصیل رستم اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
رسالپور اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ دیر لوئر میں بھی شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔
شدید بارشوں کے باعث بالائی علاقوں کی متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں جبکہ بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر رہی۔
دوسری جانب نوشہرہ میں بارشی سیلاب کے دوران جہانگیرہ اسٹاپ کے قریب فضل بارگین کے مقام پر 14 گاڑیاں سیلابی پانی میں پھنس گئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نوشہرہ کی ڈیزاسٹر ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ریکوری وہیکل و ضروری آلات کی مدد سے تمام گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
ریسکیو 1122 نوشہرہ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین کے مطابق شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 23 جولائی تک مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








