خیبرپختونخوا میں پہلی جامع ٹرانسپورٹ پالیسی لانے کا فیصلہ، بڑا پلان تیار

خیبرپختونخوا میں پہلی جامع ٹرانسپورٹ پالیسی لانے کا فیصلہ، بڑا پلان تیار

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں پہلی جامع ٹرانسپورٹ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے خیبرپختونخوا ٹرانسپورٹ پالیسی 2026 کے ڈرافٹ پر مشاورتی عمل جاری ہے۔

پشاور میں ٹرانسپورٹ پالیسی کے ڈرافٹ پر ایک مشاورتی سیشن منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے ٹرانسپورٹ شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مجوزہ پالیسی کے اہم نکات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈرافٹ پالیسی کے مطابق خیبرپختونخوا میں محفوظ، مربوط اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پالیسی کا مقصد مختلف علاقوں اور ذرائع آمدورفت کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرنا اور شہریوں کے لیے سفر کو زیادہ آسان، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔

مجوزہ پالیسی میں خواتین، خصوصی افراد اور محروم طبقات کے لیے جامع اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کو بھی اہم ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ٹرانسپورٹ نظام میں مختلف طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ قابلِ رسائی سہولیات فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

پالیسی کے تحت مختلف ذرائع آمدورفت کے درمیان مؤثر رابطہ اور انضمام پیدا کرنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے، تاکہ شہری ایک سفری ذریعے سے دوسرے ذریعے تک آسانی سے منتقل ہوسکیں اور انہیں سفر کے دوران بہتر سہولیات میسر آئیں۔

حکام کے مطابق مجوزہ ٹرانسپورٹ پالیسی صوبے کے ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ پالیسی کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے موجودہ نظام میں بہتری، سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ایک مربوط نظام تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ اداروں کے نمائندوں کی مشاورت سے پالیسی کے ڈرافٹ کو مزید بہتر بنانے کا عمل جاری ہے، جس کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔

More News