خیبرپختونخوا کے تمام ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں شکایت بکس نصب کرنے کی ہدایت
محکمہ قانون خیبرپختونخوا کا اعلامیہ جاری، دو روز میں تنصیب مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم
پشاور: محکمہ قانون خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں شکایت بکس نصب کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق شہری ان شکایت بکس میں سرکاری اہلکاروں کی جانب سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں اور ڈسٹرکٹ اٹارنیز کے خلاف اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو شکایات کے اندراج کے لیے ایک باضابطہ ذریعہ فراہم کرنا ہے۔
محکمہ قانون نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے دفاتر میں دو روز کے اندر شکایت بکس نصب کرکے اس حوالے سے رپورٹ جمع کرائیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ شکایت بکس کی تنصیب کے صرف تحریری دعوے کافی نہیں ہوں گے بلکہ اس کے تصویری ثبوت بھی فراہم کرنا لازمی ہوں گے۔ تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ شکایت بکس کی تنصیب کی تصاویر جیو ٹیگ اور ٹائم اسٹیمپ کے ساتھ محکمہ قانون کو ارسال کریں۔
محکمہ قانون نے متعلقہ حکام کو مقررہ مدت میں احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے اور مکمل رپورٹ ارسال کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس اقدام کے تحت شہریوں کو سرکاری دفاتر میں پیش آنے والی بے ضابطگیوں اور متعلقہ افسران کے خلاف شکایات درج کرانے کا موقع میسر آئے گا، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے باقاعدہ نظام بھی قائم کیا جائے گا۔








