پشاور: خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کے نئے بنیادی پے اسکیلز 2026 اور کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری، اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
پشاور: محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صوبائی سرکاری ملازمین کے لیے نئے بنیادی پے اسکیلز 2026 نافذ کرنے اور کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سال 2022 کا 15 فیصد اور سال 2025 کا 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نیا بنیادی پے اسکیل 2026 متعارف کرایا گیا ہے۔
نئے اسکیل کے تحت گریڈ 1 کی بنیادی تنخواہ 13 ہزار 550 سے 26 ہزار 450 روپے کے بجائے 16 ہزار 280 سے 31 ہزار 880 روپے، گریڈ 16 کی تنخواہ 28 ہزار 10 سے 95 ہزار 870 روپے کے بجائے 33 ہزار 720 سے ایک لاکھ 15 ہزار 320 روپے جبکہ گریڈ 17 کی بنیادی تنخواہ 45 ہزار 70 سے ایک لاکھ 13 ہزار 470 روپے کے بجائے 54 ہزار 140 سے ایک لاکھ 36 ہزار 340 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح گریڈ 22 کی بنیادی تنخواہ 1 لاکھ 22 ہزار 190 سے 2 لاکھ 44 ہزار 130 روپے کے بجائے 1 لاکھ 46 ہزار 770 سے 2 لاکھ 93 ہزار 350 روپے تک کر دی گئی ہے۔
نئے پے اسکیل کے نفاذ کے بعد سال 2022 اور 2025 کے ایڈہاک الاؤنس ختم کر دیے گئے ہیں، جبکہ تمام سول ملازمین، کنٹریکٹ اور کنٹیجنٹ پیڈ اسٹاف کے لیے نئے بنیادی پے اسکیل پر 7 فیصد نیا ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 بھی منظور کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کی تنخواہیں 30 جون 2026 کی بنیاد پر نئے اسکیل میں مقرر کی جائیں گی، جبکہ سالانہ انکریمنٹ معمول کے مطابق یکم دسمبر کو لگے گا۔ ملازمین کو 30 دن کے اندر پرانے یا نئے پے اسکیل میں سے کسی ایک کے انتخاب کا تحریری فیصلہ دینا ہوگا، بصورت دیگر نیا پے اسکیل خودکار طور پر نافذ تصور ہوگا۔
حکومت نے گریڈ 1 سے 20 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں بھی 50 فیصد اضافہ کیا ہے۔ گریڈ 1 سے 4 کا الاؤنس 1785 سے بڑھا کر 2677 روپے، گریڈ 5 سے 10 کا 1932 سے 2898 روپے، گریڈ 11 سے 15 کا 2856 سے 4284 روپے جبکہ گریڈ 16 سے 20 اور اس سے اوپر کا ماہانہ الاؤنس 5000 سے بڑھا کر 7500 روپے کر دیا گیا ہے۔








