خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف اضلاع کے لیے موسمی انتباہ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 سے 14 نومبر تک صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت دیگر اضلاع میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور کوہاٹ سمیت میدانی علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔ بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ کے مطابق بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے، حساس مقامات، ندی نالوں اور دریاؤں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے نمبر 1700 پر دے سکتے ہیں۔

More News