خیبرپختونخوا کے ٹیچنگ اسپتالوں میں 500 ڈاکٹرز کی ملازمتیں خطرے میں، ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئیز) میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے کے فیصلے کے بعد صوبے کے مختلف تدریسی اسپتالوں میں تعینات تقریباً 500 ڈاکٹروں کے فارغ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پالیسی بورڈ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز نے تمام بورڈز آف گورنرز کو ان آسامیوں کے بھرتی اشتہارات فوری واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔
یکم ستمبر 2026 کو جاری کردہ مراسلے کے مطابق ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے ذریعے ایسے ڈاکٹروں کی تربیت میں توسیع کی جا رہی تھی جو اپنی ٹریننگ مکمل کرنے کے باوجود ایف سی پی ایس امتحان پاس نہیں کرسکے۔ پالیسی بورڈ کا مؤقف ہے کہ ایف سی پی ایس پاس کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے ایسی سہولت برقرار رکھنا مناسب نہیں، جبکہ ان کے لیے دو سالہ تجربہ حاصل کرنے کی غرض سے ایکسپیرینشل رجسٹرار کی آسامیاں پہلے سے موجود ہیں۔
مراسلے میں تمام ایم ٹی آئیز کو زیرِعمل بھرتی اشتہارات واپس لینے اور پہلے سے تعینات ڈاکٹروں کو فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موجودہ ڈاکٹرز کو قانونی اور معاہداتی تقاضوں کے تحت زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ ان کے معاہدے میں مقررہ مدت باقی ہو۔
دوسری جانب ٹرینی ڈاکٹروں نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور امراضِ گردہ کے اسپتال سمیت بڑے طبی اداروں میں ان آسامیوں کے ذریعے ڈاکٹروں کو تربیت اور جدید طریقہ علاج سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے تھے۔
ڈاکٹروں نے حکومت سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سینکڑوں طبی ملازمین کا مستقبل متاثر ہوگا بلکہ تدریسی اسپتالوں میں طبی عملے کی دستیابی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔








