خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع موسم سرما کے خطرات کی انتہائی بلند سطح پر قرار، ثمر ہارون بلور کی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع موسم سرما کے خطرات کی انتہائی بلند سطح پر قرار، ثمر ہارون بلور کی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

پشاور: مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے موسم سرما 2026-27 کے دوران ممکنہ قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا تحفظ، بروقت ریسکیو اور متاثرہ خاندانوں کی فوری معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

12 نومبر کو ان کی زیر صدارت محکمہ ریلیف کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں موسم سرما کے کنٹیجنسی پلان، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، قدرتی آفات، دہشت گردی، ٹریفک حادثات اور صوبے کی مجموعی ہنگامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران ثمر ہارون بلور کو محکمہ ریلیف کے دستیاب وسائل، امدادی سامان کے ذخائر، موجودہ استعداد اور مختلف اضلاع کی ضروریات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہیں موسم سرما میں ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے دستیاب وسائل اور اضافی سہولیات کی ضروریات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے مطابق صوبے کے 37 اضلاع میں موسم سرما کے خطرات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 8 اضلاع کو انتہائی بلند خطرے کی سطح پر قرار دیا گیا۔ ثمر ہارون بلور نے چترال اپر، اپر کوہستان، اپر دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور سوات سمیت برفباری سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں صوبے کو درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔ برفباری، شدید سردی، برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ ادارے اپنے انتظامات بروقت مکمل کریں۔

مشیر ریلیف نے دور دراز وادیوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے لیے مشینری، ایندھن اور آپریٹرز کی دستیابی یقینی بنانے، بند ہونے والے راستوں اور متبادل گزرگاہوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے امدادی سامان کے ذخائر کی فوری تصدیق اور ضلعی ضروریات کے مطابق اس کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ امدادی سامان کی ترسیل اور تقسیم کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔ ضلعی سطح پر ریلیف فنڈز کی ضروریات اور دستیاب وسائل کا جائزہ لے کر مالی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ اور گورنر خیبرپختونخوا سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران بے گھر، غریب اور کمزور طبقات سمیت خواتین، بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کی ضروریات کو ترجیح دی جائے۔ دہشت گردی، ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی واقعات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں، گاڑیاں اور متعلقہ مشینری ہر وقت تیار رکھی جائے تاکہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں کم سے کم وقت میں جائے وقوعہ پر پہنچ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ رسپانس یقینی بنایا جائے۔ حادثات سے متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی اور امدادی معاونت فراہم کرنے کے لیے طریقہ کار آسان، شفاف اور غیر پیچیدہ بنایا جائے تاکہ انہیں دفتری رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور امدادی خدمات ان کی دہلیز پر پہنچائی جا سکیں۔

مشیر ریلیف نے مزید کہا کہ ضلعی اور صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹرز کو فعال رکھتے ہوئے مسلسل نگرانی اور بروقت اطلاعات کی فراہمی کا نظام مؤثر بنایا جائے۔ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی حفاظت، موسم سے متعلق پیشگی اطلاعات، محفوظ مقامات اور ہنگامی انخلا کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران اپنی ذمہ داریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار کو واضح اور مؤثر بنائیں۔ امدادی کارروائیوں میں تاخیر، وسائل کی کمی اور اداروں کے درمیان رابطے کے فقدان جیسے مسائل فوری طور پر دور کیے جائیں۔

 

More News