خیبر میں سیلابی ریلے کا شکار افغان خاندان، 3 جاں بحق افراد کی میتیں طورخم پر ورثا کے حوالے
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نکی خیل میں سیلابی ریلے کا شکار ہونے والے 16 رکنی افغان خاندان کے 13 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے تین افراد کی میتیں طورخم بارڈر پر افغان حکام اور ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سیلابی ریلے میں افغان خاندان کی گاڑی بہہ گئی تھی، جس میں 16 افراد سوار تھے۔ بروقت امدادی کارروائی کے دوران 13 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا، تاہم ایک خاتون، ایک بچے اور ایک مرد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے مسلسل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد تینوں افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ متاثرہ خاندان کے محفوظ افراد کو ابتدائی طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے حمزہ بابا کیمپ منتقل کیا گیا، جبکہ میتیں بھی وہاں پہنچائی گئیں۔
پی ڈی ایم اے کے تعاون سے مرحومین کے لیے تابوت اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا، جبکہ افغان قونصل خانے کے تعاون سے تمام قانونی اور سفری کارروائیاں مکمل کی گئیں۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر کی نگرانی میں تینوں جاں بحق افراد کی میتیں طورخم بارڈر پر افغان حکام اور ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
متاثرہ خاندان کے 13 محفوظ افراد کو بھی طورخم منتقل کیا گیا، جہاں افغان حکام کی ایمبولینسوں کے ذریعے میتوں اور متاثرین کو افغانستان روانہ کر دیا گیا۔







