خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے راولپنڈی، مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، اٹک، چکوال اور میانوالی سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ مشرقی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم ہوسکتا ہے۔
گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود جبکہ کشمیر میں شام یا رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔








