خیبر پختونخوا میں یکم تا 12 ربیع الاول عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ منانے کا فیصلہ
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں یکم سے 12 ربیع الاول تک عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ عقیدت و احترام سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر عدنان قادری کے مطابق عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کا مرکزی موضوع مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور فروغِ امن ہوگا۔
حکومت نے اس سلسلے میں سرکاری عمارتوں پر خصوصی چراغاں، بینرز اور تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ریڈیو، ٹیلی ویژن اور سماجی رابطوں کے ذرائع پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔
17 اگست کو ضلعی سطح پر سیرت کانفرنسیں، سیمینارز اور حسنِ قرأت و نعت خوانی کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن کے لیے ہر ضلع کو زیادہ سے زیادہ 13 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ 20 اگست کو ڈویژنل سطح پر سیرت کانفرنسیں اور مقابلے ہوں گے، جن کے لیے ہر ڈویژن کو زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق 18 اگست کو سرکاری اسکولوں، 19 اگست کو محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مدارس جبکہ 21 اگست کو دارالامان، خصوصی تعلیمی اداروں اور بحالی مراکز میں سیرت النبی ﷺ کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
صوبائی حسنِ قرأت و نعت خوانی کے مقابلوں کی حتمی ریہرسل 24 اگست کو ہوگی، جبکہ 12 ربیع الاول کو عظیم الشان صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں علمائے کرام، طلبہ، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
حکومت نے عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے خصوصی لوگو، تین ہزار یادگاری بیجز اور میڈیا مہم کی بھی منظوری دے دی ہے۔ متعلقہ محکموں کو انتظامی تیاریاں فوری مکمل کرکے پیش رفت رپورٹ محکمہ اوقاف کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





