دس سال پرانا پی آئی اے یونیفارم بدلنے کا اعلان؛ ماضی میں کتنی بار تبدیل ہوا؟
قومی ایئرلائن نے کیبن کریو اور آن بورڈ اسٹاف کے لیے نیا یونیفارم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اپنے کیبن کریو اور آن بورڈ اسٹاف کا گزشتہ 10 سال سے استعمال ہونے والا یونیفارم تبدیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے حال ہی میں اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے نئے یونیفارم کی تیاری اور جلد رونمائی کا اعلان کیا۔ انتظامیہ کے مطابق روایات کے مطابق اب تبدیلی کا وقت آچکا ہے اور پاکستان کے بہترین تخلیقی ذہنوں اور معروف فیشن ڈیزائنرز کی مدد سے نیا یونیفارم تیار کیا جائے گا۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نیا یونیفارم پاکستان کی ثقافتی وراثت اور جدید تخلیقی سوچ کے امتزاج کی عکاسی کرے گا۔ نئے ڈیزائن کے ذریعے قومی ایئرلائن کی شناخت، پاکستانی ثقافت اور جدید دور کے تقاضوں کو یکجا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ماضی میں پی آئی اے کے یونیفارم میں کئی بار تبدیلی
پی آئی اے کی تاریخ میں کیبن کریو کے یونیفارم کو مختلف ادوار میں متعدد مرتبہ تبدیل کیا جاتا رہا ہے۔ قومی ایئرلائن کی ایئرہوسٹسز کے یونیفارم مختلف ادوار کے معروف فیشن ڈیزائنرز سے تیار کرائے جاتے رہے ہیں، جس کے باعث ہر دور کے یونیفارم میں اس زمانے کے فیشن اور پاکستانی ثقافت کی جھلک نمایاں رہی۔
پی آئی اے کے ابتدائی دور میں یونیفارم کے ڈیزائن نسبتاً سادہ اور روایتی تھے، تاہم وقت کے ساتھ ان میں جدید انداز شامل ہوتا گیا۔ مختلف ڈیزائنرز نے قومی ایئرلائن کے لیے ایسے ملبوسات تیار کیے جن میں پاکستانی روایات اور بین الاقوامی ایئرلائن اسٹائل کو یکجا کیا گیا۔
اب تقریباً ایک دہائی بعد یونیفارم میں تبدیلی کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی آئی اے نجکاری کے عمل سے گزرنے کے بعد نئے انتظامی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
پی آئی اے کی انتظامیہ کے مطابق نئے یونیفارم کی رونمائی جلد کی جائے گی، جس کے بعد مسافروں کو قومی ایئرلائن کے کیبن کریو کے نئے انداز کی پہلی جھلک دیکھنے کو ملے گی۔








