روزگار کےلیےجامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے، وزیراعظم

روزگار کے لیے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیے معیاری تعلیم، جدید پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

وزیراعظم سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی، جس میں انہیں یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں اور ان پر ہونے والی پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں نوجوانوں کی فلاح، تعلیم، ہنر مندی اور روزگار سے متعلق جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیمی سہولیات، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل مہارتوں کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کسی بھی ملک کی معیشت، صنعت اور سماجی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، ہنر مندی کے پروگراموں کو وسعت دینے اور نوجوانوں کے لیے یکساں مواقع یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہیں، اور حکومت ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

More News