سعودی عرب نے ڈرون حملوں کے بعد یورپ کیلئے تیل کی کچھ سپلائی روک دی
ریاض: سعودی عرب نے اہم آئل پائپ لائن پر ڈرون حملوں کے بعد یورپی ممالک کیلئے خام تیل کی کچھ سپلائی منسوخ کر دی ہے، جس کے بعد بڑے خریداروں نے متبادل ذرائع سے تیل حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق تجارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے یورپی صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ ستمبر میں لوڈ ہونے والے خام تیل کے بعض کارگو منسوخ کیے جائیں گے، جبکہ بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع سے تیل کی لوڈنگ بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
یہ صورتحال سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو ڈرون حملوں میں نقصان پہنچنے کے بعد پیدا ہوئی۔ سعودی حکام نے حملوں کا الزام عراقی ملیشیا پر عائد کیا ہے۔ حملوں کے بعد مشرق سے مغرب تک تیل کی ترسیل کرنے والی اہم پائپ لائن کو بھی بند کر دیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق بحیرہ احمر کے راستے سعودی تیل کی سپلائی میں کمی کے باعث یورپی خریدار، خصوصاً پولینڈ، متبادل ذرائع سے خام تیل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تجارتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی برآمدات بڑھانے کی کوشش کر سکتا ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک بھی غیر روایتی یا خفیہ شپمنٹس کے ذریعے تیل کی برآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔








