سندھ حکومت کا گل پلازہ کی تباہ حال عمارت گرانے کا فیصلہ، انہدام کے لیے ٹینڈر جاری
کراچی: سندھ حکومت نے آتشزدگی سے تباہ ہونے والے گل پلازہ کی عمارت گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ٹینڈر جاری کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمارت کے انہدام میں دلچسپی رکھنے والے اداروں سے تکنیکی اور مالی بولیاں الگ الگ طلب کی گئی ہیں۔ بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
گل پلازہ کی عمارت کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گرایا جائے گا، جبکہ اس پورے عمل کی نگرانی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کرے گی۔ آٹھ ہزار ایک سو اٹھائیس مربع گز پر قائم اس عمارت کو گرانے کی سفارش تکنیکی کمیٹی جنوری میں کرچکی ہے۔
سندھ حکومت اس مقام پر نئی عمارت تعمیر کرنے کا اعلان بھی کرچکی ہے۔ یاد رہے کہ 17 جنوری 2026 کی شب گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 72 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ ایک ہزار 153 سے زائد دکانیں جل کر تباہ ہوگئی تھیں۔
عمارت کے انہدام کے لیے ٹینڈر کا اجرا متاثرہ مقام کی بحالی اور مستقبل کی تعمیر کے منصوبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








