سوات میں ممکنہ برف باری سے نمٹنے کی تیاریاں، ملم جبہ روڈ سمیت شاہراہیں کھلی رکھنے کا فیصلہ
سوات: موسمِ سرما 2026-27 کے دوران متوقع برف باری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سوات نے پیشگی تیاریاں شروع کردیں۔ ڈپٹی کمشنر عدنان ابرار کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں برف باری سے متاثر ہونے والی شاہراہوں کی بحالی، مشینری کی دستیابی اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بالخصوص ملم جبہ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے اور برف ہٹانے والی مشینری کی بروقت تعیناتی پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ برف باری شروع ہونے سے قبل ضروری مشینری اور آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
اسسٹنٹ کمشنر چارباغ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ٹی ایم اے چارباغ کو ملم جبہ روڈ پر فراہم کردہ مشینری کی تعداد، اقسام اور دستیابی سے متعلق روزانہ الگ الگ رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
اسی طرح پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کو برف باری سے قبل شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جمع ہونے والے ملبے اور پتھروں کو ہٹانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ریسکیو 1122 کو امدادی ٹیموں اور ضروری آلات کی دستیابی یقینی بنانے کا کہا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عدنان ابرار نے واضح کیا کہ موسمِ سرما کے دوران عوام اور سیاحوں کی حفاظت، شاہراہوں کی بحالی اور بلاتعطل ٹریفک کی روانی اولین ترجیح ہوگی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔








