شانگلہ: پولیس نے دو فریقین کے درمیان تنازعہ جرگے کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کروا دیا
شانگلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اکرام اللہ پی ایس پی کی اوپن ڈور پالیسی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے سلسلے میں پولیس چوکی لیلونی کے انچارج سب انسپکٹر محمد اظہر نے دو فریقین کے درمیان جاری تنازعہ باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق حیات اللہ عابد ولد فضل ولی سکنہ برکلے لیلونی نے فضل حبیب ولد منظور اور محمد رشاد ولد آرزو خان ساکنان کوناڑہ شیشن کے خلاف پولیس چوکی لیلونی میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی کی خصوصی ہدایات پر دونوں فریقین کو پولیس چوکی لیلونی طلب کیا گیا، جہاں علاقہ مشران اور جرگہ ممبران کی موجودگی میں مذاکرات کا انعقاد کیا گیا۔
باہمی گفت و شنید کے بعد دونوں فریقین کے درمیان تحریری راضی نامہ طے پایا اور تنازعے کو خوش اسلوبی سے حل کر دیا گیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین اور جرگہ ممبران نے ڈی پی او شانگلہ کی اوپن ڈور پالیسی کو سراہتے ہوئے مقامی پولیس کے مثبت کردار اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
معاملہ حل ہونے کے بعد دونوں فریقین پولیس چوکی سے باعزت اور خوشگوار ماحول میں رخصت ہو گئے۔







