شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، غلام خان کے مقام پر 15 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، غلام خان کے مقام پر 15 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان میں سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دراندازی کرنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد پر دہشت گردوں کے 15 رکنی گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرکے مؤثر کارروائی کی۔ کارروائی کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے تمام 15 عناصر ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد علاقے میں موجود ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر چھپے ہوئے عناصر کی تلاش اور خاتمہ ہے۔

غلام خان کا علاقہ پاک افغان سرحد پر واقع ہونے کے باعث انتہائی حساس تصور کیا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی دہشت گرد عناصر کی جانب سے سرحدی راستوں کو پاکستان میں داخل ہونے کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں سامنے آتی رہی ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ کارروائی سرحدی نگرانی اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے۔ فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے تاکہ دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت کو بروقت روکا جاسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کی خلاف ورزی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

More News