شہباز شریف نے ٹرمپ کی مکہ دفاعی معاہدے کی حمایت کو سراہ دیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر خطے کے دفاع اور امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے اور حوصلہ افزا کلمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنے برادر ممالک بلکہ پورے خطے کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے امریکی صدر کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی جرأت مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف کے مطابق صدر ٹرمپ کی قیادت نے جنوبی ایشیا میں ایک ممکنہ جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پائیدار امن عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے، اس لیے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ایک اہم اور جرات مندانہ قدم قرار دیا۔
خیال رہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے علاقائی سطح پر بھی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مطابق مصر بھی اس معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے۔





