صدر مملکت آصف علی زرداری دورہ لندن مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

صدر مملکت آصف علی زرداری دورہ لندن مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

صدر مملکت آصف علی زرداری دورہ لندن مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت لندن سے ایک نجی کمپنی کے پرائیویٹ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری کا طیارہ لندن میں تکنیکی مسائل کے باعث اڑان نہیں بھر سکا تھا، جس کے بعد وطن واپسی کا سفر مؤخر ہوگیا۔ بعد ازاں صدر مملکت نے متبادل انتظام کے تحت نجی کمپنی کے پرائیویٹ طیارے سے پاکستان کے لیے روانگی اختیار کی۔

لندن سے روانگی سے قبل صحافیوں نے صدر مملکت سے مختلف سوالات کیے، تاہم انہوں نے بیشتر سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔ جب ان سے طبیعت کے بارے میں پوچھا گیا تو صدر آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ اللہ کا فضل ہے۔

صدر مملکت سے لندن میں قیام کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں اچھا وقت گزرا۔ بعد ازاں پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے انہیں الوداع کیا۔

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا برطانیہ میں قیام ایک ہفتے سے زائد جاری رہا، اس دوران انہوں نے مختلف طبی معائنے بھی کرائے۔ صدر مملکت تقریباً چھ برس کے بعد برطانیہ کے دورے پر گئے تھے۔

صدر کی وطن واپسی کے بعد ان کی آئندہ سیاسی و سرکاری مصروفیات معمول کے مطابق جاری رہنے کا امکان ہے۔

More News