صوابی میں پولیس وین حادثے کا شکار، ایک اہلکار شہید، چار زخمی
صوابی: خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب پولیس وین حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ پولیس وین کا ٹائر اچانک پھٹنے کے باعث پیش آیا۔ ٹائر پھٹنے سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وین سڑک کنارے کھڑے درخت سے جا ٹکرا گئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے مردان اسپتال منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں ایک پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا، جبکہ چار زخمی اہلکاروں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ پولیس وین کا ٹائر پھٹنا بتائی جا رہی ہے۔








