علامہ اقبال کا پیغام مظلوم اقوام کے لیے امید، حوصلے اور آزادی کی نوید ہے، افتخار گیلانی

علامہ اقبال کا پیغام مظلوم اقوام کے لیے امید، حوصلے اور آزادی کی نوید ہے، افتخار گیلانی

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے شاعر مشرق اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری ایک عظیم ادبی اور فکری سرمایہ ہے، جبکہ ان کا پیغام آج بھی دنیا بھر کی مظلوم اقوام کے لیے امید، حوصلے اور آزادی کی نوید ہے۔

یوم اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں افتخار گیلانی نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے مسلمانوں میں خودی، خودداری، اتحاد اور آزادی کا شعور بیدار کیا۔ ان کے افکار نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ دنیا بھر میں آزادی اور حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی اقوام کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کی فکر اور فلسفہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کی شاعری میں نوجوانوں کو بلند حوصلے، خود اعتمادی، علم اور مسلسل جدوجہد کا درس ملتا ہے۔ اقبال نے اپنی فکر کے ذریعے مسلمانوں کو اپنی شناخت پہچاننے اور ایک باوقار مستقبل کے لیے متحد ہونے کا پیغام دیا۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے علامہ اقبال کے پیش کردہ خواب کو عملی تعبیر دی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے قیام کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ تحریک پاکستان میں علامہ اقبال کی فکری اور نظریاتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تعلق سرزمین جموں و کشمیر سے تھا اور ریاست جموں و کشمیر اقبال کے تصور پاکستان کا لازمی حصہ ہے۔ ان کے مطابق کشمیر اور اقبال کا تعلق تاریخی، فکری اور نظریاتی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ اقبال کی شاعری میں آزادی، خودمختاری اور انسانی وقار کے تصورات نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے بھارتی مظالم، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ تاہم تمام تر مشکلات اور پابندیوں کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ آزادی کمزور نہیں ہوا۔

افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو شکست نہیں دے سکے اور وہ اپنی جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے ذریعے آزادی کی منزل حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم اقبال ہمیں آزادی، خودداری اور انسانی حقوق کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔ علامہ اقبال کے افکار پر عمل کرتے ہوئے مظلوم اقوام کی حمایت، حق خودارادیت اور انصاف کے اصولوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور علامہ اقبال کا پیغام امید، حوصلے اور خودمختاری کی جدوجہد میں رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔

More News