فیفا ورلڈ کپ 2026ء: فائنل سے قبل نیو یارک میں ایئر کوالٹی الرٹ جاری

فیفا ورلڈ کپ 2026ء: فائنل سے قبل نیویارک میں ایئر کوالٹی الرٹ جاری، جنگلات کی آگ کا دھواں تشویش کا باعث

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل سے قبل امریکہ کی ریاست نیویارک اور نیو جرسی میں فضائی آلودگی کے باعث ایئر کوالٹی ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کینیڈا کے مختلف علاقوں میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والا دھواں امریکہ کے شمال مشرقی حصوں تک پہنچ گیا ہے، جس کے نتیجے میں فضائی معیار متاثر ہوا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک اور نیو جرسی کے متعلقہ حکام نے شہریوں، کھلاڑیوں اور شائقین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایئر کوالٹی ہیلتھ الرٹ جاری کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فضا میں دھوئیں کے ذرات کی مقدار بڑھنے سے سانس کے مریضوں، بزرگوں، بچوں اور حساس افراد کو صحت کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل اتوار کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے، جہاں ارجنٹینا اور اسپین کی ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے لیے مدِ مقابل ہوں گی۔ اس اہم مقابلے سے قبل فضائی آلودگی کی صورتحال نے انتظامیہ اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپین کی قومی ٹیم نے نیو جرسی میں اپنا ٹریننگ سیشن معمول کے مطابق مکمل کیا اور ٹیم کی جانب سے فضائی معیار کے حوالے سے کسی بڑے تحفظ کا اظہار نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم نے فائنل سے قبل اپنی تیاریوں کا آغاز کرنا ہے، جبکہ منتظمین مسلسل موسم اور فضائی معیار کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق کینیڈا میں جاری جنگلاتی آگ سے پیدا ہونے والا دھواں تیز ہواؤں کے ذریعے امریکہ تک پہنچا ہے، جس سے نیویارک اور نیو جرسی کے متعدد علاقوں میں دھند اور آلودگی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ چند دنوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلیں تو دھوئیں کے بادل چھٹنے اور فضائی معیار بہتر ہونے کا امکان ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں زیادہ وقت گزارنے سے گریز کرنے، خاص طور پر جسمانی مشقت کم کرنے اور صحت سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دوسری جانب فیفا اور مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو شائقین اور ٹیموں کی حفاظت کے لیے مزید احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے، تاہم فی الحال فائنل میچ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

More News