قائداعظم ٹرافی کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان، ٹورنامنٹ کل سے شروع ہوگا

قائداعظم ٹرافی کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان، ٹورنامنٹ کل سے شروع ہوگا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے سب سے قدیم فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے گولڈ اور سلور ایونٹس کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا انہترواں ایڈیشن تین نومبر سے ملک بھر میں شروع ہوگا۔

قائداعظم ٹرافی گولڈ میں آٹھ جبکہ سلور ایونٹ میں بارہ ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دونوں ایونٹس میں مجموعی طور پر ساٹھ فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔

گولڈ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کپتان بابر اعظم لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی قیادت کریں گے۔ افتتاحی مقابلے میں لاہور وائٹس اور فاٹا کی ٹیمیں اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

گولڈ ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے علاوہ فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ بلوز شامل ہیں۔ یہ مقابلے تین نومبر سے انیس دسمبر تک جاری رہیں گے، جبکہ فائنل پندرہ سے انیس دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

سلور ایونٹ کی بارہ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں و کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس کو جگہ دی گئی ہے۔

سلور ٹورنامنٹ تین نومبر سے سات دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ گروپ اے کے میچز کراچی کے مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں ہوں گے، جبکہ گروپ بی کے مقابلے ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں منعقد ہوں گے۔

گولڈ ایونٹ کے میچز اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی کے کرکٹ گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے۔ سلور ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں اگلے سیزن میں گولڈ ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔

More News