قیامِ امن کے لیے کسی غلطی کی گنجائش نہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں قیامِ امن کے لیے کسی غلطی کی گنجائش نہیں، کیونکہ امن و امان کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے اور ضم اضلاع کی ترقی، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور کھیلوں کے میدان آباد کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
گورنر ہاؤس پشاور میں متاثرینِ خیبر کے لیے ہلالِ احمر پاکستان، ضم اضلاع کی جانب سے مالی معاونت کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے انسانیت کی خدمت اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہلالِ احمر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مالی معاونت کی تقسیم میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے اس معاملے میں کبھی سفارش نہیں کی اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے 70 فیصد فنڈز ضم اضلاع کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کا ایک ایک روپیہ شفاف انداز میں استعمال کیا جائے گا اور متعلقہ حکام احتساب کے لیے بھی تیار ہیں۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مثبت سرگرمیوں، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری بھی صوبے کی اہم ضروریات ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہلالِ احمر پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ضرورت مند اور متاثرہ خاندانوں کی مدد مؤثر انداز میں کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے خیبرپختونخوا کو پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنایا جا سکتا ہے۔








