لاہور میں 13 سالہ بچی کی شادی رکوا دی گئی، دولہا سمیت 6 افراد گرفتار

لاہور میں 13 سالہ بچی کی شادی رکوا دی گئی، دولہا سمیت 6 افراد گرفتار

لاہور میں کم عمر بچی کی شادی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 13 سالہ بچی کی رخصتی کی تقریب رکوا دی اور دولہا سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس کو 15 پر اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کشمیری محلہ کے مدینہ شادی ہال میں کم عمر بچی کی شادی کی تقریب جاری ہے، جس پر پولیس ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران شادی کی تقریب رکوا دی گئی جبکہ دولہا سبط الحسن اور بچی کے والد سبطین کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے تقریب میں شریک مزید 4 افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق 13 سالہ بچی کا نکاح 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا جبکہ 8 نومبر کو اس کی رخصتی کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے کم عمر بچی کی رخصتی کو روک دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ لیاقت آباد میں درج کرلیا ہے۔ مقدمے کا نمبر 2533/26 بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

More News