لمبی عمر کا راز کیا ہے؟ 111 سالہ چینی خاتون نے بتا دیا

111 سالہ چینی خاتون نے لمبی زندگی کا راز بتا دیا

چین کے مشرقی صوبے جیانگ سو سے تعلق رکھنے والی 111 سالہ وانگ گائینگ نے طویل اور صحت مند زندگی کے حوالے سے اپنی روزمرہ عادات شیئر کی ہیں، جن میں جسمانی سرگرمی، سادہ غذا اور پرسکون طرزِ زندگی نمایاں ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وانگ گائینگ کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے باوجود وہ خود کو بوڑھا محسوس نہیں کرتیں اور اب بھی آسانی سے چل پھر لیتی ہیں۔ ان کے مطابق 100 سال کی عمر کے بعد بھی انہوں نے کھیتوں میں کام جاری رکھا اور مونگ پھلی و تربوز کی فصل کی کٹائی میں حصہ لیا۔

وہ گھر کے کئی کام بھی خود کرتی ہیں، جن میں میز صاف کرنا اور کپڑے تہہ کرنا شامل ہیں۔ وانگ گائینگ کے مطابق جسم کو متحرک رکھنا صحت مند رہنے کے لیے اہم ہے اور وہ گھریلو کاموں کو ہی اپنی ورزش سمجھتی ہیں۔

ان کی غذا بھی سادہ نوعیت کی ہے۔ وہ مختلف غذائیں استعمال کرنے اور کم مقدار میں کھانے کو ترجیح دیتی ہیں جبکہ مچھلی ان کی پسندیدہ غذا ہے کیونکہ ان کے مطابق یہ نرم اور آسانی سے ہضم ہوجاتی ہے۔

وانگ گائینگ نے ذہنی سکون کو بھی لمبی زندگی کے لیے اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ غصے، جھگڑوں اور غیر ضروری پریشانیوں سے دور رہنا چاہیے اور پرسکون نیند کو ترجیح دینی چاہیے۔

رپورٹس کے مطابق وہ باقاعدہ معمول کی پابندی کرتی ہیں، عموماً رات 7 بجے سوتی اور صبح 7 بجے بیدار ہوتی ہیں جبکہ دن میں ایک یا دو مرتبہ مختصر نیند بھی لیتی ہیں۔

چین کا شہر روگاؤ طویل عمر پانے والے افراد کی تعداد کے حوالے سے مشہور ہے، جہاں رواں سال فروری تک 100 سال یا اس سے زائد عمر کے 672 افراد موجود تھے۔

More News