لنڈی کوتل میں پراسرار بیماری سے 5 کمسن بچے جاں بحق، 2 بے ہوش، ایک ہی خاندان سے تعلق

لنڈی کوتل میں پراسرار بیماری سے 5 کمسن بچے جاں بحق، 2 بے ہوش، ایک ہی خاندان سے تعلق

خیبر: لنڈی کوتل کے دور افتادہ علاقے بازار ذخہ خیل کے گاؤں قاضیانو کلے میں پراسرار بیماری نے ایک ہی خاندان کے پانچ کمسن بچوں کی جان لے لی جبکہ دو بچے بے ہوش ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ ساتوں بچوں کا تعلق شاہ جی نامی شخص کے ایک ہی خاندان سے ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں تین بچیاں اور دو کمسن لڑکے شامل ہیں، جن کی عمریں پانچ سال سے کم بتائی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق بچوں کی حالت بگڑنے پر انہیں فوری طبی امداد کے لیے پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم ہسپتال منتقلی کے دوران پانچ بچے راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ دو بے ہوش بچوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچا دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق بچوں کی اچانک طبیعت خراب ہونے اور اموات کی فوری وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے طبی معائنہ اور تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت خیبر نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک خصوصی طبی ٹیم جائے وقوعہ روانہ کردی ہے۔ ٹیم متاثرہ علاقے کا دورہ کرکے بچوں کی بیماری کی نوعیت، ممکنہ وجوہات اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے گی۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال بیماری کی نوعیت اور بچوں کی اموات کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی۔ خصوصی طبی ٹیم کی تحقیقات اور معائنے کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہوسکے گی۔

واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ متاثرہ خاندان پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے ہیں۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور علاقے میں طبی سہولیات اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بچوں کی اموات کی وجوہات سامنے آنے کی توقع ہے۔

 

More News