لوئر کرم: ڈی سی گولڈ کپ سپورٹس گالا فیز ٹو کا صدہ میں افتتاح
لوئر کرم: ضلع کرم میں امن کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ڈی سی گولڈ کپ سپورٹس گالا فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز صدہ سپورٹس کمپلیکس میں کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم عصمت اللہ شنواری تھے۔
تقریب میں ونگ کمانڈر 111 ونگ صدہ، ایس پی لوئر و سنٹرل کرم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر اسد ظہور، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امجد حسین، علاقائی عمائدین اور نوجوانوں نے شرکت کی۔
سپورٹس گالا کے دوران فٹبال اور کرکٹ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اس ایونٹ کا مقصد کھیلوں کے ذریعے علاقے میں امن، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے ایسے مقابلے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ سرگرمیاں معاشرے میں باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈی سی گولڈ کپ سپورٹس گالا فیز ٹو کا انعقاد ضلع کرم میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔








