لکی مروت میں جماعت اسلامی کے مقامی رہنما فائرنگ سے جاں بحق، تحقیقات شروع
لکی مروت: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنما حاجی نقیب اللہ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کرم پل کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حاجی نقیب اللہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے حاجی نقیب اللہ جماعت اسلامی ڈڈیوالہ کے مقامی امیر تھے۔ لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سرائے نورنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی کے کارکنوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔








