متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جن کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا، حادثات کی روک تھام اور ڈرائیوروں سمیت دیگر شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔

نئے ضوابط کابینہ کے فیصلے نمبر 174 برائے 2026 کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جن میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، ڈرائیونگ لائسنس، الیکٹرک اسکوٹرز اور سائیکلوں کے استعمال سمیت مختلف معاملات کو شامل کیا گیا ہے۔

نئے قوانین کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد دو گاڑیاں اضافی فیس کے بغیر رجسٹر کرا سکیں گے، جبکہ تیسری، چوتھی اور پانچویں گاڑی کی رجسٹریشن یا تجدید پر اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔ ایک فرد کے نام پر زیادہ سے زیادہ پانچ گاڑیاں رجسٹر کرنے کی اجازت ہوگی۔

قواعد کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والی نئی ہلکی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی مدت ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ اس سہولت کے لیے گاڑی کی ابتدائی رجسٹریشن کے وقت نئی ہونا اور اس کی تیاری کو چھ سال سے زیادہ عرصہ نہ گزرنا ضروری ہوگا۔

الیکٹرک اسکوٹرز اور الیکٹرک سائیکلوں کے استعمال کے لیے بھی باقاعدہ ضابطہ متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کے اجازت نامے کے حصول کے لیے کم از کم عمر 15 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ اجازت نامہ تین سال کے لیے مؤثر ہوگا۔ ان ذرائع آمدورفت کو صرف متعلقہ حکام کی جانب سے مقرر کردہ راستوں پر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

نئے قوانین میں ڈرائیوروں کے لیے تھکن اور غنودگی کی حالت میں گاڑی چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈرائیونگ کی زیادہ سے زیادہ مدت نو گھنٹے مقرر کی گئی ہے۔

بچوں کی حفاظت کے لیے چار سال اور اس سے کم عمر بچوں کو مناسب حفاظتی نشستوں پر بٹھانا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈیلیوری سروسز سے وابستہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے یونیفارم، پیشہ ورانہ اجازت نامے اور سامان کی محفوظ ترسیل سے متعلق شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔

More News