مریم نواز نے 5 روز میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کر لیا

مریم نواز نے 5 روز میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کر لیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پانچ روز کے اندر جامع، مؤثر اور فول پروف منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو مکمل طور پر ری اسٹرکچر کیا جائے گا تاکہ ادارہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔ اتھارٹی کو انتظامی اور تکنیکی لحاظ سے بااختیار بنایا جائے گا، جبکہ جدید مشینری، ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں موجود تمام واٹر فلٹریشن اور آر او پلانٹس کی مسلسل نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ ہر پلانٹ پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقات کار نمایاں طور پر درج کیے جائیں گے تاکہ عوام کو معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عالمی معیار کی کنسلٹنسی حاصل کی جائے گی، جبکہ جاپانی اور چینی جدید فلٹریشن ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ مختلف علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے آر او پلانٹس اور جدید فلٹریشن یونٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو معیاری پینے کا پانی میسر آ سکے۔

دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لیے موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے اس وقت روزانہ 2,400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو اس سہولت سے فائدہ پہنچ سکے۔

اجلاس میں پنجاب بھر کے 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت، بحالی اور باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید پلانٹس لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار تمام اضلاع اور تحصیلوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ہر شہری کو صاف پانی کی سہولت یکساں طور پر فراہم کی جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس منصوبے کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “صاف پانی منصوبہ میرے دل کے بے حد قریب ہے، اس میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔” ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صحت مند ماحول اور صاف پانی کی فراہمی بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

More News