معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابلِ تحسین ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
اسلام آباد میں منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی و صوبائی قیادت اور عالمی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابلِ تحسین ہے اور اس فورم کے انعقاد سے ملک میں معدنی وسائل کی ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کے ایک اہم مرحلے پر کھڑا ہے، حکومت معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معدنی شعبے کے اندر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بتایا کہ معدنیات کی تلاش کے لیے لائسنس کے اجرا سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کے لیے پورٹل موجود ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معدنی شعبے کی ترقی کو صوبائی حکومت کی ترجیح قرار دیا، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سرفراز بگٹی کے مطابق منرل کوریڈور کے لیے نیا سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے جبکہ ایف سی کا نیا ونگ بھی بنایا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی اور سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک سمیت معدنیات، تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ ریکوڈک منصوبے پر 2029 تک کام شروع ہونے کی توقع ہے۔








