معدنی وسائل خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے، ملکی صنعتوں کے لیے استعمال کریں گے، وزیراعظم

معدنی وسائل خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے، ملکی صنعتوں کے لیے استعمال کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا، معدنی دولت کو ملکی صنعتوں کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ پاکستان کی معدنی صلاحیت کو بروئے کار لا کر معیشت کو مضبوط بنانے اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کاروں اور معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور یہاں موجود قیمتی معدنی ذخائر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم نے معدنیاتی ایجنڈے کو قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ معدنی شعبے کی ترقی کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششیں جاری ہیں، جن کے ذریعے پاکستان کی قدرتی دولت کو مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جاسکے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے۔ حکومت کا مقصد معدنی وسائل کو صرف نکالنے اور برآمد کرنے تک محدود رکھنا نہیں بلکہ ان کی مقامی سطح پر پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور صنعتی استعمال کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کے بجائے ملک کے اندر ان سے مصنوعات تیار کی جائیں گی تاکہ مقامی صنعتوں کو خام مال میسر آئے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوسکے۔

وزیراعظم نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں معدنی وسائل کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور معدنی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو قومی ترقی، صنعتی خودمختاری اور معاشی استحکام کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان عالمی سطح پر بھی ایک اہم معدنیاتی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

More News