ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے 10 سے 14 نومبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 10 نومبر کی شام یا رات کو ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے اور بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک اثر انداز رہ سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان

صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان شامل ہیں۔

بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب، اسلام آباد اور دیگر علاقوں کی صورتحال

اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ 12 اور 13 نومبر کو لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے بعض علاقوں میں 11 اور 12 نومبر کو بارش ہوسکتی ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہوسکتی ہیں جبکہ شدید برفباری سے بعض راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ بارش کے بعد میدانی علاقوں میں دھند بھی پڑ سکتی ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔

کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

 

More News