مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی عسکری قیادت کا اہم اجلاس
ریاض: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیفس آف جنرل اسٹاف کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے شرکت کی۔ شرکا نے سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات کا جائزہ لیا اور مکہ مکرمہ، شہری آبادیوں اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے، عسکری رابطہ کاری بہتر بنانے اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام پر بھی غور کیا گیا۔
تینوں عسکری قیادت نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی شراکت داری کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔








