میرانشاہ سیکیورٹی فورسز اور پلنگزئی عمائدین کے جرگے میں امن و امان، باہمی تعاون اور عوامی مسائل کے حل پر اہم فیصلے

میرانشاہ سیکیورٹی فورسز اور پلنگزئی عمائدین کے جرگے میں امن و امان، باہمی تعاون اور عوامی مسائل کے حل پر اہم فیصلے، بجلی کے مسائل کے فوری حل پر بھی زور دیا گیا۔

میرانشاہ: شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز اور پلنگزئی گاؤں کے عمائدین کے درمیان اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں امن و امان، عوامی مسائل اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرگے میں مقامی یونٹ کمانڈر اور پلنگزئی گاؤں کے عمائدین نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقے میں کسی بھی مسلح عنصر کو کسی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم نہیں کی جائے گی۔

عمائدین نے امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقے میں پائیدار استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جرگے کے دوران بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل بھی زیر بحث آئے۔ عمائدین نے سول انتظامیہ، ٹیسکو اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کے مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

سیکیورٹی فورسز نے جرگے کے شرکاء کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور علاقے کی صورتحال پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

More News