میرعلی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے علاقے میرعلی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 3 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع سوراب میں بھی سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مال مدرسہ کے قریب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کا ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔








