نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانا بے حد ضروری ہے: مریم نواز

نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانا بے حد ضروری ہے، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم اقبال کے موقع پر شاعر مشرق اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ علامہ اقبالؒ کی شاعری اور فلسفہ آج بھی قوم بالخصوص نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔

یوم ولادت علامہ محمد اقبالؒ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے لیے شاعر مشرق کی فکری اور نظریاتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کیا اور انہیں ایک الگ قومی شناخت اور خودمختار مستقبل کا تصور دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا پیغام خودی، خودداری، بیداری اور مسلسل جدوجہد کا پیغام ہے، جسے نئی نسل تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔ نوجوانوں کو اقبال کے افکار سے آگاہ کرنے کے لیے ان کے کلام کو تعلیمی نصاب کا زیادہ سے زیادہ حصہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنے قومی اور فکری ورثے سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کی فکری سمت متعین کی، جبکہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اس فکر اور خواب کو عملی جدوجہد کے ذریعے منزل تک پہنچایا۔ قوم کو خودداری، خود اعتمادی اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کا درس دینا علامہ اقبالؒ کا بہت بڑا احسان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقبالؒ نے اپنی فکر انگیز شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور انہیں اتحاد، آزادی اور قومی خودمختاری کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ان کا تصور دو قومی نظریے کی فکری بنیادوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جس نے تحریک پاکستان کو نئی فکری قوت فراہم کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار تھے، جن کی تعلیمات ہر دور میں انسانیت کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔ ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو ایک اعتدال پسند، منصفانہ اور فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اقبال کے فلسفے کی حقیقی تعبیر کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کیا جائے۔ ان کے مطابق سیاسی، معاشی، مذہبی اور معاشرتی استحکام کے لیے فکر اقبال سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے یوم اقبال کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنایا جائے گا اور ان کے نظریات کی روشنی میں پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر ممتاز مقام دلانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی

More News

Breaking

خیبر پختونخوا میں ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کا باقاعدہ تنظیمی ڈھانچہ منظور، نوٹیفکیشن جاری

خیبر پختونخوا میں ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کا باقاعدہ تنظیمی ڈھانچہ منظور، نوٹیفکیشن جاری پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کا باقاعدہ تنظیمی ڈھانچہ

Read More »