نو نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری، یومِ اقبال منایا جائے گا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر 9 نومبر 2026 کو ملک بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیر کے روز یومِ اقبال کے سلسلے میں سرکاری تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا فیصلہ کابینہ ڈویژن کے 19 جنوری 2026 کو جاری کردہ سالانہ تعطیلات کے سرکلر کے تحت کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام وفاقی وزارتوں اور متعلقہ محکموں کو حکومتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومتی اعلان کے تحت یومِ اقبال کے موقع پر سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جبکہ نجی شعبے کے اداروں میں بھی تعطیل ہوگی۔ اس دن ملک بھر میں علامہ محمد اقبال کی قومی، ادبی اور فکری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہیں شاعر مشرق اور مفکر پاکستان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداری، اتحاد اور آزادی کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا فکری پیغام آج بھی نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے، جن میں علامہ اقبال کی زندگی، شاعری، فلسفے اور قومی خدمات کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کرنے والے سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کو 7 سے 9 نومبر تک مسلسل تین چھٹیاں ملیں گی۔ اس کے بعد منگل 10 نومبر سے معمول کے دفتری اور تعلیمی امور دوبارہ شروع ہوں گے۔








