وراثتی حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، سپریم کورٹ نے اہم قانونی اصول واضح کر دیے

وراثتی حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، سپریم کورٹ نے اہم قانونی اصول واضح کر دیے

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وراثتی جائیداد سے متعلق اہم قانونی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی شخص کے انتقال کے ساتھ ہی اس کی جائیداد اور مال و دولت میں قانونی ورثا کا حق قائم ہو جاتا ہے اور محض وقت گزرنے سے یہ حق ختم نہیں ہوتا۔

جسٹس شاہد وحید کی جانب سے تحریر کردہ بڑے بینچ کے فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ وراثتی حق سے محرومی کے دعوے پر مدتِ میعاد کا اطلاق اس وقت شروع ہوگا جب کسی وارث کے ملکیتی حق سے واضح طور پر انکار کیا جائے اور متعلقہ وارث کو اس انکار کا علم بھی ہو۔ اگر وارث کو اپنے حق سے انکار کا علم ہونے کے باوجود چھ سال تک قانونی کارروائی نہ کرے تو اس کا دعویٰ مدتِ میعاد کی پابندی کی زد میں آ سکتا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وراثت کی تقسیم میں تاخیر بالخصوص بیواؤں، بیٹیوں، نابالغ بچوں اور یتیموں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، جبکہ اس سے خاندانی تنازعات، دھوکا دہی اور قانونی حقوق غصب کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد میں جعل سازی کے مختلف طریقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جعلی انگوٹھوں، فرضی ہبہ، خواتین کے نام وراثتی ریکارڈ سے حذف کرنے اور دھوکا دہی سے دستبرداری کے کاغذات تیار کرنے جیسے اقدامات کی روک تھام پر زور دیا۔

عدالت نے ریونیو حکام کو ہدایت کی ہے کہ نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا تمام قانونی ورثا کی تصدیق کرنے والی مساوی دستاویز کے بغیر وراثتی انتقال نہ کیا جائے۔ تمام ورثا، خصوصاً خواتین کو ان کے پتے پر تحریری نوٹس بھیجنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے متعلقہ اداروں کو وراثتی جائیداد کی منتقلی میں تمام قانونی ورثا کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے قانون سازی کی متعدد سفارشات بھی پیش کی ہیں، تاکہ کسی بھی وارث کو دھوکا دہی یا غیر قانونی طریقے سے اس کے شرعی اور قانونی حق سے محروم نہ کیا جا سکے۔

More News