وزیراعظم کی ای سی پی میں نئی تقرریوں پر آئینی طریقہ کار اپنانے کی یقین دہانی
چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کو وزیراعظم کی جانب سے جوابی خط موصول ہوگیا ہے، جس میں وزیراعظم نے الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
محمود اچکزئی نے گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر آئینی تقاضوں کے مطابق مشاورت اور کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی سے حکومتی رہنماؤں رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران حکومتی وفد نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس کے بعد اب وزیراعظم کا جوابی خط محمود اچکزئی کو موصول ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں نئی تقرریاں ایک اہم آئینی معاملہ ہیں، جس کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے آئینی طریقہ کار پر عملدرآمد کی یقین دہانی کے بعد اس معاملے میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور آئندہ دو سے تین روز میں اسلام آباد پہنچیں گے۔ ان کی اسلام آباد واپسی کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے معاملے پر مزید مشاورت کا امکان ہے۔
چیف الیکشن کمشنر اور نئے ارکان کی تقرری کے عمل کو شفاف اور آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل کرنا حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لیے اہم معاملہ ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے سیاسی رابطوں میں تیزی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔








