وزیراعظم کی لندن میں عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں

وزیراعظم کی لندن میں عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کے دورے کے دوران لندن میں عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے مواقع اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے سینئر حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور معاشی شعبے میں ہونے والی اصلاحات سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

شہباز شریف نے عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا اور انہیں ملک میں اپنی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی۔

بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بارکلیز کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے مالیاتی شعبے اور عالمی اداروں کے درمیان تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے حکام سے ملاقاتوں میں بھی پاکستان کی معیشت، سرمایہ کاری کے ماحول اور عالمی کیپٹل مارکیٹس سے روابط مزید مضبوط بنانے کے معاملات زیر غور آئے۔

وزیراعظم نے عالمی مالیاتی اداروں کے حکام کو حکومت کی جانب سے معاشی استحکام اور اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان ملاقاتوں کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ روابط بڑھانا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ برطانیہ کے دوران عالمی مالیاتی شعبے کے اہم نمائندوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی سمت اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔

More News