وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا رات گئے بغیر پروٹوکول تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے بغیر کسی پروٹوکول کے پشاور کے تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، انتظامی امور کا جائزہ لیا اور پولیس کی کارکردگی سمیت عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے تھانے میں موجود حوالات کا بھی دورہ کیا اور زیرِ حراست افراد سے براہِ راست ملاقات کی۔ انہوں نے حوالاتیوں سے ان کے مسائل، قانونی کارروائی اور دیگر معاملات کے بارے میں دریافت کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کے ساتھ قانون، آئین اور انسانی وقار کے مطابق برتاؤ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زیرِ حراست افراد کے بنیادی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے تھانے میں تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، ڈیوٹی کے دوران درپیش مشکلات، دستیاب وسائل اور عوامی خدمت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پولیس اہلکاروں نے انہیں اپنے مسائل اور ضروریات سے بھی آگاہ کیا، جنہیں وزیراعلیٰ نے غور سے سنا اور مناسب اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھانہ عوام کے لیے انصاف اور تحفظ کی پہلی دہلیز ہوتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہر شہری کو عزت، سہولت، شفافیت اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھانے آنے والے ہر فرد کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا، اس کی شکایت کو توجہ سے سننا اور قانون کے مطابق فوری کارروائی کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ شفاف، باوقار اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ایک مضبوط ریاست کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت پولیس نظام کو مزید مؤثر، جوابدہ اور عوام دوست بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی تاکہ عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کمزور، بے سہارا اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست، شفاف اور خدمت پر مبنی پولیسنگ ہی ایک پرامن اور محفوظ معاشرے کی ضمانت ہے، اور صوبائی حکومت اسی وژن کے تحت پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔








