وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوجوانوں کیلئے نئے اقدامات کا اعلان، یوتھ پالیسی 2026 پر پیش رفت کا جائزہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوجوانوں کیلئے نئے اقدامات کا اعلان، یوتھ پالیسی 2026 پر پیش رفت کا جائزہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی یوتھ پالیسی 2026 پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کی تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جوان مراکز کے مجوزہ گورننگ بورڈ میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے اور زیر تعمیر جوان مراکز کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال بنایا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے گا، جبکہ صوبائی یوتھ پالیسی نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضمانت بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اپس، کیریئر گائیڈنس، تربیتی پروگراموں، کھیلوں اور ٹیلنٹ کی سرپرستی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس کوچز کو بین الاقوامی ماہرین سے تربیت دلانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 میں یوتھ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے 70 کروڑ روپے لاگت کی دو اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جوان مراکز میں اسکلز، ڈیجیٹل لرننگ، کیریئر ڈویلپمنٹ اور تربیتی پروگراموں کے لیے 17 کروڑ روپے، یوتھ انٹرپرینیورشپ، اسٹارٹ اپ چیلنجز، بزنس پلان مقابلوں اور کیریئر فیئرز کے لیے 11 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ، آئی ٹی ہیکاتھونز، ٹیکنالوجی مقابلوں، یوتھ فیسٹیولز اور ایکسچینج پروگرامز کے لیے 12 کروڑ روپے جبکہ ماحولیاتی تحفظ، کلائمیٹ ایکشن، آگاہی مہمات اور شجرکاری سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شمولیت کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

More News